بلاول سنٹرل پنجاب میں مسلم لیگ (ن)‘ پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دینے کےلئے خود میدان میں اتریں گے

Aug 03, 2017

لاہور(خبر نگار) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سنٹرل پنجاب میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ 12 اگست کو فیصل آباد کا دورہ کریں گے اور وہ اس موقع پر فیصل آباد ڈویژن کے ورکرز کنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔ بلاول نے کہا ہے کہ وسطی پنجاب پیپلز پارٹی کا گڑھ رہا ہے لیکن گزشتہ الیکشن میں دھاندلی اور دھونس کے ذریعے ہمارے امیدواروں کو ہروایا گیا۔ پیپلز پارٹی 2018 کے الیکشن میں وسطی پنجاب میں بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ بلاول کی فیصل آباد آمد پر ورکرز کنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرزمان 4 اگست کو فیصل آباد ڈویژن میں تنظیمی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں بلاول کی مصروفیات اور کنونشن کے انعقاد کے بارے میں فیصلے کئے جائیں گے۔
قکراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے آصف علی زرداری کے بعد بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی ہے‘ تحفظات دور کرنے پر پارٹی نہ چھوڑنے اور دیرینہ کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی جلد جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ دبئی میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد مخدوم شہاب الدین نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ہے جس میں پارٹی کے چیئرمین نے جلد جنوبی پنجاب کا دورہ کرنے اور دیرینہ کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مخدوم شہاب الدین سے کہا کہ وہ پارٹی کے دیرینہ اور نظریاتی کارکنوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے میں اپنا رول ادا کریں‘ 2018ءکے الیکشن پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سے بھرپور انداز میں لڑے جائیں گے۔ انہوں نے مخدوم شہاب الدین کو ان کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ مخدوم شہاب الدین نے ان افواہوں کو گمراہ کن قرار دیا کہ وہ پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
مخدوم شہاب/ یقین دہانی

مزیدخبریں