اسلام آباد ( محمد نوازرضا + وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کابینہ کے ارکان پر مشاورت مکمل نہ ہونے پر کابینہ کی تقریب حلف برداری ملتوی کر دی گئی۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان آج حتمی مشاورت ہوگی جس کے بعد آج شام تک وفاقی کابینہ کے حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے ۔ بدھ کو سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے گورنمنٹ ہائوس مری میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف بھی موجود تھے۔ بعدازاں مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت منعقد ہوا جو 3گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں ایک رائے یہ بھی تھی کہ نوازشریف کابینہ کے تمام وزراء کو نئی کابینہ میں شامل کیا جائے جبکہ دوسری رائے یہ تھی کہ وفاقی کابینہ میں رودبدل کیا جائے۔ تاہم بحث مباحثہ کے بعد کوئی فیصلہ نہ ہوسکا جس کے بعدوفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ملتوی کردی گئی۔ مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف، چوہدری نثار علی خان، احسن اقبال،خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد پارٹی متحد ہے اور وزارت عظمیٰ کے لیے امیدواروں کے درمیان دوڑ نہیں لگی۔ پوری پارٹی نے ڈسپلن کا مظاہرہ کیا۔ میاں نوازشریف نے پارٹی ارکان کو ڈسپلن پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن ہر قسم کی صورت حال کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میاں نواز شریف کو یقین دلایا کہ ان کی پالیسیاں جاری رکھی جائیں گی، ان کی سوچ کو آگے لے کر بڑھیں گے اور پارٹی کے اعتماد پر پورااتروں گا۔ میاں نواز شریف نے شاہدخاقان عباسی کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صباح نیوز کے مطابق ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارت خارجہ، خزانہ، دفاع، داخلہ اور تجارت کے قلمدانوں کی تقسیم کے حوالے سے معاملات طے نہیں ہوسکے جس پر تقریب ملتوی کرنا پڑی۔ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آئندہ ہفتے لاہور میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔