مری (نامہ نگار خصوصی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف گورنمنٹ ہائوس مری میں نئی کابینہ سمیت دیگر اہم ترین معاملات کے سلسلے میں ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کے بعد جب یہاں سے واپسی کیلئے روانہ ہوئے تو سینکڑوں کارکنوں نے انہیں زبر دست نعروں کی گونج میں روانہ کیا۔ اس موقع پر کارکن مسلسل نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگاتے رہے جس کا جواب سابق وزیراعظم نے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی گاڑی سے باہر آ کر ہاتھ لہراتے ہوئے دیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بدھ کی صبح پہلی مرتبہ اپنے آبائی حلقے میں پہنچے، جھیکا گلی سمیت بعض دوسری سڑکوں پر ان کے استقبال کیلئے آنے والے لا تعداد کارکنوں نے زبردست نعروں کی گونج میں ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایکسپریس وے کے ذریعہ جھیکا گلی کے راستے گورنمنٹ ہائوس کشمیر پوائنٹ پہنچے۔