پاک افغان تجارت کو سیاسی مسائل سے نہ جوڑا جائے: زبیر موتی وا لا

Aug 03, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی اے جے سی سی آئی) کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ پاک افغان تجارت کو سیاسی مسائل سے نہ جوڑا جائے۔ اپنے ایک بیان میں پاک افغان باہمی اور ٹرانزٹ تجارت کے حوالے سے مسائل کو ختم کرکے ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ اعتماد کی فضا کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا عدم اعتماد کی فضا سے نہ صرف سیاسی عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس سے دونوں ممالک کی معیشتوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متوقع نئے وزیراعظم عمران خان ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات پر یقین رکھتے ہیں جن میں بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے جس سے خطے کے امن و استحکام اور خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے پاکستان افغان حکومتوں پر زور دیا کہ وے کاروبار اور تجارت کو سیاست سے علیحدہ رکھیں اور تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے مسائل کے خاتمہ کیلئے اقدامات کریں جس سے دونوں ممالک میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی روابط میں اضافہ کیلئے شراکت داروں کی مشاورت سے پالیسی مرتب کرکے عملی اقدامات کے ذریعے مطلوبہ نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں