کراچی(آن لائن)سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور شاہین ایئر لائن انٹرنیشنل کے درمیان ایک ارب 50 کروڑ روپے ادائیگیوں کا تنازع سنگین صورت حال اختیار کرگیا جس کے باعث سی اے اے نے اندرون ملک کے لیے ایئر لائن کی پروازیں بھی معطل کردیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی اے اے کے ترجمان پرویز جارج نے کہا ہے کہ سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر لائن کی اندرونِ ملک پروازوں کے لیے اپنی سہولیات اور خدمات معطل کردی ہیں جبکہ شاہین ایئرلائن کے ترجمان ذوہیب حسن نے موقف اختیار کیا کہ شیڈول کے مطابق شاہین ایئرلائن تمام فلائٹس فعال ہیں۔ پرویز جارج نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کے آرڈ راور متعدد مرتبہ درخواست کے باوجود شاہین ایئرلائن نے معاہدے کے مطابق ادائیگیاں نہیں کی اس لیے حکام کو ایئرلائن کے تمام آپریشن معطل کرنے پڑے۔انہوں نے کہا کہ شاہین ایئرلائن صرف کراچی، کوئٹہ اور ملتان سے ججاج کو لے جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئرلائن کا لائسنس بھی زائد العمیاد ہوچکا ہے لیکن حاجیوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے لائسنس کی تاریخ تنسیخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔دوسری جانب شاہین ایئرلائن کے ترجمان ذوہیب حسن نے کہا کہ تمام پروازیں معمول کے مطابق ہیں، کراچی سے لاہور کی پروازیں بھی شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔تاہم شاہین ایئرلائن حکام کو سی اے اے کی جانب سے فلائٹس آپریشن معطل کرنے کے احکامات موصول نہیں ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ادائیگیوں کا کوئی تنازعہ نہیں ہے اور سی اے اے کو مقررہ وقت پر تمام واجبات ادا کیے جارہے ہیں۔