زرداری اور شریف خاندان جلد قصہ پارینہ بن جائینگے، ابراہیم خان

اسلام آباد ( انٹرویو۔ چوہدری محمداعظم گِل ) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کوشکست دے کررکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے سینئر رہنما محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والی جماعتوں کا اقدام ملکی سلامتی پر حملے کے مترادف ہے،تحریک عدم اعتماد کی ناکامی جمہوریت کی فتح ہے اپوزیشن نے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ناکام کوشش کی، ثابت ہوگیا ارکان پارلیمنٹ کسی وڈیرے کی کٹھ پتلیاں نہیں انکے لیے ملکی مفاد مقدم ہے ، سیاسی جماعتوں میں خود کو عقل کل سمجھنے والوں کو اب اس بات کا ادراک ہوجانا چاہیے کہ ارکان پارلیمنٹ کی کٹھ پتلیوں کی طرح ڈوریں نہیں ہلائی جاسکتیں۔ زرداری اور شریف خاندان کا دور ختم ہوچکا ہے اب ملکی سیاسی منظر نامے میں ان خاندانوں کی کوئی گنجائش نہیں دونوں خاندان بہت جلدقصہ پارینہ بن جائینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا تحریک انصاف کے سینیئر رہنما رکن قومی اسمبلی ابراہیم خان نے کہا کہ ملک وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ترقی کی جانب رواں دواں ہے حکومت کے اقدامات بظاہر سخت ضرور ہیں لیکن اسکے دورس نتائج برآمد ہونگے ۔ ، ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے اس کا جڑ سے خاتمہ ملکی ترقی کا ضامن ہے ،عمران خان نے کرپٹ افراد کیخلاف بلاتفریق احتساب کا نعرہ لگا کر ملک کو ترقی کے سفر پر گامزن کردیا ہے ، کسی چور کو چھوڑا نہیں جائے ،ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کا انجام قریب ہے ،چوروں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا ، انکا کہنا تھا کہ ملک کو کرپشن ،کمیشن خوری کے باعث اربوں روپے کے قرضوں میں دھنسادیا گیا ہے ،خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹنے والے قومی مجرم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن