بنکاک (انٹرنیشنل ڈیسک)تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں مختلف مقامات پر ہلکی نوعیت کے 6 بم دھماکوں میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکے ایسے موقع پر ہوئے جب جنوب مغربی ایشائی ممالک کی تنظیم آسیان کی سکیورٹی سمٹ کے لیے کئی علاقائی رہنما، سفارتکار اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی موجود ہیں۔تھائی وزیراعظم نے فوری طور پر ان واقعات کی تحقیقات اور ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے مبینہ طور پر ٹینس بال کے سائز کے "پنگ پونگ " بموں کے ذریعے شہر کے کئی مقامات پر کیے گئے۔دو دھماکے صبح 9 بجے سے قبل میٹرو اسٹیشنز کے قریب اور دو شہر کے مرکزی علاقے میں واقع 77 منزلہ کنگ پاور ماہاناکھون کے قریب ہوئے۔ان دھماکوں کے کچھ ہی دیربعد ایک سرکاری ہاؤسنگ کمپلیکس کے قریب دھماکے سنے گئے۔ ایک دھماکہ خیز ڈیوائس کو پھٹنے سے قبل ہی ناکارہ بنایا گیا۔