لاہور‘ کراچی (خصوصی نامہ نگار + نیوز رپورٹر) ماہ ذوالحجہ 1440ھ کی رویت کے لئے صوبائی (زونل) رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ صوبے میں 4 مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ نارووال اور سیالکوٹ سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ اس کے علاوہ چھاچھرو‘ عمر کوٹ سمیت مختلف جگہوں سے بھی چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ رویت ہلال کمیٹی کے مطابق پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ 12 اگست بروز پیر کو منائی جائے گی۔ ملک بھر سے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی 72 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔