اسلام آباد( خصوصی رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج ارشد ملک وڈیو سکینڈل میں گرفتار ملزم میاں طارق کے لاپتہ ہونے والے بیٹے فیصل طارق کی بازیابی کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے جج وڈیو اسکینڈل کے اہم کردار میاں طارق کے بیٹے فیصل طارق کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل آصف چودھری نے عدالتی استفسار پر کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے نے فیصل طارق کو لاپتہ کیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے ڈی جی ایف آئی اے کیسے کسی کو لاپتہ کرسکتا ہے؟آپ نے ایف آئی اے لاہور کو پارٹی کیوں بنایا؟وکیل نے بتایا کہ فیصل طارق سے آخری دفعہ لاہور میں بات ہوئی وہ اسلام آباد آرہا تھا۔ فیصل طارق کے والد میاں طارق کو بھی 10 جولائی کو اٹھایا گیا مگر 16 جولائی کو پیش کیاگیا۔اہل خانہ کو بھی معلوم نہیں کہ فیصل طارق کو کہاں رکھا گیا ہے ؟فیصل طارق کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔
ویڈیوسکینڈل:ملزم طارق کے لاپتہ بیٹے کی بازیابی کی درخواست پرایف آئی اے کونوٹس
Aug 03, 2019