اسلام آباد ( عبداللہ شاد) بھارت میں آسام اور میزورام کے بعد ریاستی سرحد کا معاملہ ’’دشمن ممالک‘‘ کی مانند گمبھیر ہوتا جا رہا ہے، دونوں صوبوں کی سرحد پر سیکورٹی فورسز ایک دوسرے پر بندوق تانے کھڑی ہیں۔ گذشتہ روز میزورام پولیس نے آسام کے وزیراعلیٰ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ یاد رہے دو روز قبل خونی جھڑپ میں میزورام پولیس نے چھ آسامی پولیس اہلکار فائرنگ کر کے قتل کر دیئے۔ہندوستان کی تاریخ میںپہلی بار ایک ریاست نے پڑوسی صوبے کے وزیراعلیٰ کے ہی خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ میزورام کے رکن پارلیمنٹ ونلا لوینا نے اعلان کیا ہے کہ ’’ آسام پولیس خوش قسمت ہے کہ ہم نے سب کو نہیں مارا، اگلی بار ہم سب کو ماریں گے‘‘۔ امت شاہ کی مداخلت پر دونوں وزرائے اعلیٰ نے بات چیت پر آمادگی ظاہر کی لیکن دونوں ریاستوں میں تاحال بدترین کشیدگی پائی جاتی ہے۔ بھارتی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت میں اس صورتحال پر سخت تشویش پائی جاتی ہے اور امت شاہ، بھارتی آرمی چیف، راء چیف سیمنت گوئل مسئلے پر غور و حوض کیلئے متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں۔