عثمان بزدار کی قیادت میں مافیا کو روندتا پنجاب قوم کے دل کی آواز بن چکا: فردوس عاشق

لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں آگے بڑھتا، ترقی کرتا اور مافیا کو روندتا پنجاب قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے۔ پنجاب حکومت نے سردار عثمان بزدار کی پرعزم قیادت میں ایک اور بڑی کامیابی سمیٹ لی ہے۔ محکمہ معدنیات پنجاب نے مالی سال 2020-21میں رائلٹی کی مد میں ریکارڈ وصولیاں کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں محکمہ معدنیات نے تاریخی کامیابی سمیٹتے ہوئے پہلی بار 10.19 ارب روپے کی ریکارڈ وصولیاں کی ہیں۔ ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 58 کروڑ روپے وصول ہوئے ہیں۔ بزدار حکومت ہر محکمہ میں اصلاحات لے کرآئی ہے جس کے ثمرات سے قوم مستفید ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار ماحول کو صاف، شفاف اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ رواں سال مون سون میں 6کروڑجبکہ پورے سال12کروڑ پودے لگائے جائیں گے جو کہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ پنجاب میں 5نئے نیشنل پارکس ڈکلیئر کئے جا رہے ہیں۔ تمام اضلاع کے ہر ڈیپارٹمنٹ میں شجرکاری کی جارہی ہے۔ حکومت شہر میں 51 مقامات پر میواکی جنگل لگا چکی ہے۔ ایشیا  کا سب سے بڑا میواکی جنگل راوی اور گلشن اقبال پارک میں لگانے جارہے ہیں۔ مون سون کے دوران پانچ لاکھ سے زائد درخت اس شہر میں لگائے جائیں گے۔ میواکی جنگلوں میں اگست 2021 تک 2 لاکھ 92 ہزار 500 درخت لگیں گے۔ سگیاں سائٹ پر ایک سو کنال پر ایشیا کا سب سے بڑا میواکی جنگل لگے گا۔ گلشن اقبال پارک میں پچاس کنال اراضی پر میواکی جنگل لگے گا۔پی ایچ اے نے میواکی جنگل لگانے کے لئے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن