ٹرینوں کی نجکاری روکنے کیخلاف مزاحمتی تحریک،ریل بچاؤمہم چلانے کااعلان

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) پاکستان ریلوے ایمپلائیز(پریم) یونین سی بی اے کے مرکزی رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے ٹرینوں کی نجکاری روکنے کیلئے ملک گیر سطح کی مزاحمتی تحریک،ریل بچاؤمہم چلانے کااعلان کردیاہے اس تحریک کاآغازراولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر7اگست بروزہفتہ ایک بڑااحتجاجی جلسہ منعقدکیاجارہاہے جس سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیرلیاقت بلوچ اورپریم یونین کے مرکزی قائدین خطاب کرکے اپنے اگلے لائحہ عمل کااعلان کریں گے، اس امرکااعلان گزشتہ روزجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے دفترمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری، مرکزی صدرشیخ محمدانور،ڈویژنل صدرراولپنڈی ڈاکٹراشتیاق عرفان اوردیگرنے کیاہے ان رہنماؤں نے کہاکہ پاکستان ریلوے ملک کارفاعی اوردفاعی ادارہ ہے لیکن بدقسمتی سے حکومت اس ادارے کی نجکاری کررہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ، وفاقی وزیرریلوے اعظم سواتی ریلوے کواونے پونے داموں فروخت کرنے میں مصروف عمل ہیں وہ ریلوے افسران سمیت تمام ملازمین کوچوراورکرپٹ قراردے رہے ہیں ریلوے کی نجکاری سے 70سے زائدملازمین بے روزگارجبکہ ایک لاکھ 30ہزارپنشنرز پنشن کے حق سے محروم ہوجائیں گے ۔

ای پیپر دی نیشن