کراچی ( کامرس رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ لوگوں کی آسانی کے لئے کراچی میں 250 ویکسینیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں،اب ایکسپو سینٹر کے بعد 24 گھنٹے چلنے والے سینٹرز بنا دیئے گئے ہیں،کراچی میں ایک روز میں 2 لاکھ 11 ہزار لوگوں نے ویکسین لگوائی ، کراچی میں چوبیس گھنٹے کام کرنے والے مزید گیارہ ویکسی نیشن سینٹر بنادیئے ہیں۔ منگل سے گلی محلوں میں موبائل ویکسی نیشن شروع ہوجائے گی اوروزانہ سوا دولاکھ یومیہ ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوان صنعت و تجارت ایف بی ایریا (فباٹی)میں کرونا وائرس ویکسینیشن سینٹرکے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔اس موقع پرفباٹی کے صدر محمدعلی اور دیگر بھی موجود تھے۔یہ کرونا وائرس ویکسینیشن سینٹر فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(فباٹی) سے منسلک مزدوروں کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن پر تنقید کرنے والے ڈاکٹروں سے ملیں، ہسپتالوں میں جگہ کم پڑرہی ہے،تین دن گزر گئے، بس پانچ دن رہ گئے ہیں، کورونا وبا کے سبب ذوالفقار علی بھٹوکی برسی کی تقاریب ملتوی کردیں۔ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا الیکشن ہم نے نہیں کرایا، جس نے کرایا وہ ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ میں سب سے پہلے لوگوں سے کہوں گا کہ ماسک پہنیں اورماسک کو صحیح طرح سے پہنیں کیوں کہ یہ ضروری ہے، میں کل رات کئی علاقوں میں گیا وہاں عملہ موجود تھا اور ویکسینیشن ہو رہی تھی اور اب موبائل ویکسینیشن کی سہولت شروع کی جارہی ہے، صنعتی علاقوں میں یہ سہولت شروع کی جارہی ہے،ویکسین کی سپلائی میں کمی نہیں ہے اس لئے موبائل ویکسینیشن کا عمل شروع کیا گیا ہے، پہلے روزانہ 50 ہزار ویکسینیشن ہوتی تھیں اب 2 لاکھ سے زائد ویکسینیشن روزانہ ہورہی ہے، کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 87 فیصد وہ لوگ ہیں جنہوں نے ویکسینیشن نہیں کروائی۔