گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)چیئرمین مرکزی تنظیم تاجران پاکستان میاں فضل الرحمن نے کرونا ویکسی نیشن چیکنگ کی آڑ میں میرج ہالز اور مارکیز پر انتظامیہ کے چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے میرج ہالز اور مارکی سے وابستہ افراد کیساتھ ظلم قرار دیا انہوں نے گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر سٹی کے میرج ہالز اور مارکیز پر چھاپوں اور نائب صدر میرج ہالز و مارکی ایسوسی ایشن گوجرانوالہ استاد غلام علی کی گرفتاری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اورکہا کہ کورونا کی وجہ سے گزشتہ دو سال میں جتنا میرج ہالز اور مارکیز کا کاروبار برباد ہوا ہے اتنا کوئی دوسرا نہیں ہوا اب جبکہ حکومت کی جانب سے دو سو افراد کیساتھ پروگرام کی اجازت دی ہی گئی تو ایک بار پھر اس میرج ہالز اور مارکیز مالکان کو ہراساں کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ شادی پر آئے ہوئے سینکڑوں افراد کی ویکسی نیشن کی چیکنگ میرج ہالز مالکان کیلئے ناممکن ہے اس بارے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ چیمبر آف کامرس، تاجر تنظیموں اور میرج ہالز و مارکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کیساتھ ایک مشاورتی میٹنگ کی جائے اور اس میں لائحہ عمل تیار کیا جائے جس پرمیرج ہالز اور مارکی ایسوسی ایشن عمل درآمد کی پابند ہوگی انہوںنے کہا کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ صورتحال کا نوٹس لیں اور چیمبر، تاجر تنظیموں سمیت میرج ہالز و مارکی ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورتی میٹنگ کرنے سے قبل متعلقہ افسروں کو چھاپے مارنے سے روکیں۔
کمشنر، ڈی سی گوجرانوالہ میرج ہالز پر چھاپوں کا نوٹس لیں: میاں فضل الرحمن
Aug 03, 2021