اسلام آباد: وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کرانے والوں کی یومیہ تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ خوشی ہے ہم نے یومیہ ایک ملین یعنی 10 لاکھ ویکسی نیشن کا ہدف پورا کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار ویکسین لگائی گئی تھیں اور وفاقی اداروں کے تعاون کی وجہ سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہدف کے حصول میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد نے اہم کردار ادا کیا۔ تمام اکائیوں کی طرف سے ویکسی نیشن کے عمل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور کئی سینٹرز پر شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ 24 گھنٹے میں 10 لاکھ 70 ہزار افراد کی ویکسی نیشن مکمل کی گئی ہے ۔جس کے بعد ملک میں تاحال تین کروڑ سے زائد کورونا ویکسین ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ آخری ایک کروڑ خوراکیں صرف گزشتہ 16 دنوں میں مہیا کی گئی ہیں۔