انتظامیہ کی غفلت‘وہاڑی کی خوبصورتی کیلئے نصب ماڈلز ٹوٹ پھوٹ کا شکار

Aug 03, 2022

وہاڑی(کرائم رپورٹر ‘سٹی رپورٹر) انتظامیہ کی نااہلی یا عدم دلچسپی بیوٹی فکیشن آف سٹی پراجیکٹ کے تحت لگائے گئے ماڈلز ٹوٹ پھوٹ کر غائب ہونے لگے،نواحی علاقہ لڈن میں لگائے گئے بیل اور کسان کے ثقافتی ماڈلز سے نامعلوم افراد نے بیلوں کی دم اور کسان کے ہاتھ بھی چوری کر لئے، بیوٹی فکیشن کا پروجیکٹ بھی ٹھپ ،سابق ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن ریٹائرڈ وقاص رشید کی طرف سے ضلع وہاڑی کو خوبصورت بنانے کیلئے بیوٹی فکیشن آف سٹی پروجیکٹ شروع کیا گیا جسکے تحت وہاڑی شہر سمیت تینوں تحصیلوں میں مختلف مقامات پر ثقافتی ماڈلز نصب کروائے گئے جو دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے اور شہر کی خوبصورتی کو چار چاند لگادئیے ، چوک میں ٹرین کے ڈبے اور ثقافتی بیل اور کسان کے ماڈلز نصب کئے گئے جو انتظامیہ کی طرف سے دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کر غائب ہو رہے ہیں، ٹرین کے ڈبے کو نشئیوں نے اپنی آماجگاہ بنا رکھا ہے جبکہ بیلوں کی دم اور کسان کے دونوں ہاتھ بھی چوری ہوچکے ہیں۔جبکہ انتظامیہ سب کچھ دیکھنے کے باوجود بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر حکام سے نوٹس لیتے ہوئے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیاہے۔

مزیدخبریں