لاہور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان صادق اور امین نہیں بلکہ بد دیانت اور جھوٹے ثابت ہوئے۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پراپنے ردعمل میںجنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی پنجاب وپارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے لانچ کیا گیا،ایسے سرٹیفائیڈ جھوٹے شخص کو سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ امپورٹڈ حکومت کی رٹ لگانے والے خود امپورٹڈ ثابت ہوگئے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر رانا فاروق سعیدنے کہا کہ ا لیکشن کمیشن نے عمران خان کو سرٹیفائیڈ چور ڈکلیئر کر دیا ہے۔ عمران خان الیکشن کمیشن کے فیصلہ سے اپنے منطقی انجام کو پہنچے اور کرپٹ ثابت ہوئے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس پر الیکشن کمشن کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کا بیانیہ ڈھٹائی کے سوا کچھ نہیں۔پیپلز پارٹی پنجاب کی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر نیلم جبار نے کہا ہے کہ اب تو لوگوں کو سمجھ میں آگئی ہو گی کہ پی ٹی آئی والے کیوں الیکشن کمیشن پر انگلیاں اٹھا رہے تھے ۔پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا کہ اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ دوسروں کو دن رات چور،چور کے لقب دینے والا خود سب سے بڑا چور ہے ۔
عمران خان صادق، امین نہیں، بددیانت ثابت ہوئے: حسن مرتضیٰ
Aug 03, 2022