لاہور (نیوز رپورٹر)تحریک انصاف مذہبی امور ونگ کے صدر، اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن و سجادہ نشین سندر شریف مخدوم سیدمحمد حبیب عرفانی نے حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے سالانہ ختم شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ کی تعلیمات دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔صوفیاء کا پیغام امن کا پیغام ہے،قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں سے فرمایا ہے کہ تم مجھے یاد کرو میں تمہیں یاد کروں گا۔حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ نے ساری زندگی اللہ کو یاد کیا او ر لوگوں کوبھی تلقین کرتے رہے یہی وجہ ہے کہ 780برس کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود لوگ آج بھی حق فرید یا فرید کے نعرے لگاتے پھرتے ہیں۔مخدوم سید محمد حبیب عرفانی نے کہا محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق پر کھڑا رہنے کا درس دیتا ہے حضرت امام حسین ؓ نے اپنے کردار اور عمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا سکھایا۔مشائخ و علماء محرم الحرام میں امن و یگانگت قائم رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔