لاہور ( خصوصی نامہ نگار، نیوز رپورٹر،نامہ نگار ) پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونیوالے افسروں او جوانوں کی شہادت پر ملک کے سیاسی، سماجی او رمذہبی رہنمائوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع نے پوری قوم کو سوگوار کر دیاہے۔فوجی جوانوں نے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی امیر فضیل الشیخ مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج،نائب امیرمولانا حافظ ملک عبدالصمد، مولانا عبدالرؤف مکی، مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے و دیگر نے کہا کہ سیلاب زدگان اور انسانیت کی خدمت اورملک و قوم پر اپنی جان قربان کرنیوالے فوجی افسران قابل فخر اور پوری قوم کے محسن ہیں۔تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد، جنرل سیکرٹری حماد اظہر اور سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس نے کہا کہ شہدا کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ عوامی فلاحی پارٹی کے چیئرمین شیر الطاف نے کور کمانڈر جنرل سرفراز اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر سوگواروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سانحہ کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ اس حادثے پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید،سیکرٹری انفارمیشن شہزاد سعید چیمہ،سیکرٹری فنانس رانا جواد،نائب صدور چودھری اختر،ارشد جٹ،رانا عرفان،خالد نواز بوبی اور چودھری اشرف،ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری نیلم جبار،نایاب جان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد پورے ملک میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ایام محرم الحرام میں اور دکھی عوام کی خدمت کے دوران شہادت کے درجے پر فائز ہونا فضیلت کا مقام ہے۔
ہیلی کاپٹرحادثہ، سیاسی، سماجی، مذہبی رہنمائوں کا افسروں، جوانوںکی شہادت پر اظہار افسوس
Aug 03, 2022