مدھیہ پردیش: ہسپتال میں آتشزدگی 5مریضوں ،2نرسوں سمیت 10افراد ہلاک

Aug 03, 2022

نئی دہلی‘ بھوپال (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست مدھیہ پردیس کے ضلع جبل پور میں پرائیویٹ نیو لائف سپیشلٹی ہسپتال میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے میں تقریباً درجن بھر افراد جھلس گئے۔ مرنے والوں میں پانچ مریض، دو نرسوں سمیت دیگر شامل ہیں۔ فائر بریگیڈ نے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ آگ لگنے سے ہسپتال میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے مناظر میں عمارت سے دھوئیں کے بڑے بڑے بادل اٹھتے دکھائی دیئے۔ جبل پور کے دموہ ناکہ علاقے کے قریب نیو لائف ملٹی سپیشلٹی ہسپتال میں دوپہر کو آگ لگ گئی۔ یہ 30 بستروں کا ہسپتال ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق شبہ ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ سے لگی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کو ہسپتال سے نکال لیا گیا۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور فائر بریگیڈ کو 15منٹ کی تاخیر سے کال کی گئی‘آگ نے چند ہی لمحوں میں ہسپتال میں فارمیسی، گرائونڈ فلور اور پہلی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے وہاں موجود افراد کو ہسپتال کے داخلی اور خارجی راستوں تک رسائی نہیں مل سکی۔ 
مدھیہ/  10 ہلاک
 

مزیدخبریں