اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) کور کمانڈر کوئٹہ کے ہیلی کاپٹر حادثے میں ان کا اے ڈی سی بیٹا دوسرے ہیلی کاپٹر میں ہونے کے باعث حادثے سے محفوظ رہا۔ اس سے قبل پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثات میں باپ (جنرل) اور بیٹا (اے ڈی سی) ایک ہی واقعہ میں شہید ہو چکے ہیں۔ جون 2011ء میں کشمور جاتے ہوئے لیہ کے علاقے میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب رینجرز میجر جنرل محمد نواز کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا اور اس حادثے میں ان کے ساتھ ان کا بیٹا جو کہ بطور اے ڈی سی ان کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں موجود تھا وہ بھی شہید ہو گیا۔ دسمبر 2021ء میں گلگت بلتستان کے علاقے گھانچی میں آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا، جس میں سوار دونوں پائلٹ میجر راجہ ذیشان اور میجر عرفان شہید ہو گئے۔ مئی 2015ء میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر ایم آئی۔17 حادثے کا شکار ہوا جس میں دو غیر ملکی سفیروں اور ان کی بیگمات سمیت 7 افراد مارے گئے۔