لاہور‘ قصور‘ شیخوپورہ (کامرس رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار خصوصی) تاجروں کا بجلی کے بلوں میں عائد کئے جانے والے فکسڈ ٹیکسوں کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ گزشتہ روز پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی کی قیادت میں انار کلی اور ملحقہ مارکیٹوں کے تاجروں نے بجلی کے بلوں میں عائد کئے گئے ٹیکسز کے خلاف انار کلی بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ شرکاء بجلی کے بلوں میں ٹیکسز نامنظور، تاجروں کا معاشی قتل بند کرو کے نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرے میں شیخ ارشاد، ظہیر بابر، نعیم بادشاہ، حافظ عطاء اللہ، ملک ناظم سمیت تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ وزیر خزانہ تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداروں کو ملاقات کے لئے بلائیں اور ان کے تحفظات سن کر فیصلہ دیں۔ عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے تاجروں پر بے پناہ بوجھ ڈالنا کسی طرح بھی درست فیصلہ نہیں ہے۔ وزیر خزانہ نے بلوں میں ٹیکسز میں کمی کے حوالے سے جو اعلان کیا ہے اس میں ابہام ہے‘ ریلیف دیا جائے۔ اگر تحفظات دور نہ ہوئے تو شٹر ڈائون اور احتجاج کا آپشن موجود ہے۔ دیگر تاجر رہنمائوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسز نے تاجروں کی چیخیں نکلوا دی ہیں ، جو دکانیں بند ہیں اور بطور گودام استعمال ہوتی ہیں انہیں بھی ہزاروں روپے کے بل بھجوا دئیے گئے ہیں جو سخت نا انصافی ہے۔ قصور بجلی بلوں میں فکس ٹیکس کے خلاف تاجر تنظیموں کا پارہ ہائی ہو گیا، ٹریڈ فیڈریشن کے صدر کی زیرقیادت میں تاجروں کا اجلاس اور حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا بل پھاڑے اور میٹر اتارنے کی کوشش پر چھترول کی جائے گی۔ تاجروں کا نیا بازار قصور میں اجلاس اور احتجاج تاجروں نے بجلی بل پھاڑ دئیے ادا نہ کرنے کا فیصلہ جو واپڈا اہلکار میٹر اتارنے آئے گا اس کی چھترول ہوگی ٹیکسز واپس نہ لئے تو شٹر ڈاؤن بھی ہوگا۔ قصور میں احتجاج زیرقیادت ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر چوہدری محمد علی صادق، جنرل سیکرٹری نیا بازار محمد آصف کھو کھر، ریلوے روڈ کے صدر محمد آصف بھٹی‘ صدر للیانی اڈا لالہ محمد صادق گجر، صدر موبائل ایسوسی ایشن ذوالفقار علی خاں، صدر نیا بازار حاجی منظور احمد ہوا۔ دیگر چھوٹے تاجروں نے بھی احتجا ج میں بھرپور شرکت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیکس ٹیکس کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ مرکزی انجمن تاجران نے تاجروں پر سپر ٹیکس لگانے کیخلاف ضلعی سیکرٹریٹ میںدوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت صدر میاں ذیشان پرویز، جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال نے کی۔ شیخ عظیم جاوید، احمد خورشید، شیخ یعقوب بگا، میاںخالد عباس ،رانامہران فیاض، ملک اعجاز احمد ، ملک ندیم یوسف ڈالو، سیٹھ عظیم، فیضان شفیق خان ،فاروق شیخ،مشتاق مہدی سمیت تاجروںکی بڑی تعدادنے شرکت کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ حکومت تاجروں کو ریلیف دینے کی بجائے انہیں تکلیف دے رہی ہے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اپنی منطق اپنے پاس رکھیںاور تاجروںکو کاروبار کر دیں ۔ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ ٹیکس کیخلاف محلہ رحمن پورہ، بھکھی روڈ ،طارق روڈ، نورالامین کالونی سمیت دیگر آبادیوں کے سینکڑوں مکینوںنے واپڈا کمپلیکس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا‘ شہریوں نے بجلی کے بل ادانہ کرنے کی دھمکیوںکیساتھ بل پھاڑ ڈالے اور حکومت، محکمہ لیسکو ، ایف بی آر کے خلاف شدید نعرے بازی کی احتجاجی مظاہرہ کے دوران لاہور سرگودھا روڈ کی ٹریفک بلاک ہوگئی جس سے میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں جبکہ خواتین کی بڑی تعداد بھی بل ہاتھ میںتھامے نعرے بازی کرتی رہیں خیرات بی بی نے بتایا کہ میرے صرف 313 یونٹ ہیں اور بل 16ہزار 5 سے زائد ،جبکہ ملک محمد یاسین نے بتایا کہ 40 یونٹس کا بل 10 ہزار سے زائد ہے، سلمان شفیق نے بتایا کہ 25 یونٹ پر 10 ہزار سے زائد بل ظلم ہے۔