شکرگڑھ؍ چک امرو (نامہ نگاران) لسبیلہ کے قریب ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید نائک مدثر فیض شکرگڑھ کے محلہ مغل پورہ کا رہائشی ہے۔ شہادت کی اطلاع ملتے ہی شہید کے گھر عزیز و اقارب کی آمد شروع ہو گئی۔ مدثر فیض کی تدفین مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نارووال شہید کی آخری رسومات کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ 32 سالہ مدثر فیض 14 سال قبل فوج میں بھرتی ہوا، مدثر فیض 4 بھائیوں اور ایک بہن میں 4 نمبر پر تھا۔ مدثر فیض کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی ۔ مدثر فیض کے اہلخانہ اور محلے داروں نے بتایا کہ مدثر کے دل اور زبان پر ہمیشہ سے شہادت کی تمنا تھی جو اللہ تعالی نے پوری کر دی۔ مدثر ملک و قوم کی خدمت کرتے ہوئے شہید ہوا، جس پر ہمیں فخر ہے۔