اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے فارن فنڈ نگ کیس میں الیکشن کمشن کے فیصلے کو عمران خان کے خلاف جرائم کی تصدیق قرار دے دیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ چور جھوٹا فارن فنڈنگ منی لانڈرر آخر آٹھ سال بعد پکڑا گیا۔ عمران خان صادق اور امین نہیں، پارٹی چیئرمین کے عہدے سے فوری استعفیٰ دیں۔ پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازشی منصوبہ تھا اور ہے۔ عمران خان جھوٹا اور جعلساز ہے، الیکشن کمشن نے مہر لگا دی ہے۔ عمران خان نے اسرائیل، بھارت، امریکہ، کینیڈا سمیت دیگر ملکوں سے فارن فنڈنگ لی۔ عمران خان نے غیرقانونی فنڈنگ سے پاکستان میں فتنہ برپا کیا۔ عمران خان نے جانتے بوجھتے ہوئے 351 غیرملکی کمپنیوں اور 34 غیرملکیوں سے فارن فنڈنگ لی۔ عمران خان نے جعلی اور جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے۔ 13 غیرقانونی بنک اکاؤنٹس عمران خان خود چلاتا رہا اور انہیں الیکشن کمشن سے چھپاتا رہا، عالمی فراڈیوں سے خیرات کے نام پر پیسے بٹورے اور جعلسازی کی۔ جان بوجھ کر اپنے چار ملازمین طاہر اقبال، محمد نعمان افضل، محمد ارشد محمد رفیق کے نام پر پیسے منگوائے، چوروں اور منی لانڈرز نے نو وکیل بدلے، 105بار الیکشن کمشن سے بھاگے اور نو دفعہ کیس کو روکنے کی پٹیشن کیں ، عمران خان عالمی منی لانڈرر ثابت ہو چکا ہے۔ وفاقی حکومت قانون کے مطابق الیکشن کمشن کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گی۔ عمران خان اِس چوری کی وجہ سے الیکشن کمشن پر حملے کر رہا ہے۔
عمران صادق، امین نہیں، پارٹی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیں: مریم اورنگزیب
Aug 03, 2022