لاہور(کامرس رپورٹر) دین فائونڈیشن کے مرکزی چیئرمین جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت جبکہ ریاست سے محبت کوشعار بنایاجائے۔سچائی تک رسائی کیلئے جوش نہیں ہوش کی ضرورت ہے۔ کوئی قومی اداروں کیخلاف زہرافشانی کاحق نہیں رکھتا ، کسی کوسزادینے کیلئے انتقام کا راستہ اختیارنہ کیا جائے۔سیاسی انتہا پسندی اورسیاستدانوں کی ایک دوسرے کیخلاف دشنام طرازی نے وقتی طورپر معاملے کوضروربگاڑدیامگر اعتدال پسندی سے سیاسی صورتحال کنٹرول کی جاسکتی ہے۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارا ملک کئی اندرونی وبیرونی چیلنجز سے نبردآزما ہے لہٰذائ داخلی عدم استحکام سے دنیا میں پاکستان کی پوزیشن متاثر ہوگی۔ملک دشمن قوتوں سمیت بعض طبقات اس صورتحال کواپنے مفادات کیلئے استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نفرت کی آگ بھڑکانے والے کسی کے دوست نہیں ہوسکتے ،ان کی باتوں پرکان دھرنادانشمندی نہیں ہے۔ پاکستان کے زخموں پرنمک چھڑکنے نہیں بلکہ مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاستدان یاد رکھیں ایک دوسرے کیخلاف سازشوں میں دفاعی اداروں کوملوث اورانہیں استعمال نہ کیا جائے۔ اگرہمارے ریاستی اداروں کوپراگندہ سیاست میں گھسیٹا جائے گا تو پھر ملک دشمن قوتوں کاناطقہ کون بندکرے گا۔دفاع وطن کیلئے آئی ایس آئی کی گرانقدرخدمات سے انکار نہیںکیا جاسکتا اورنہ پاکستان میںبحالی جمہوریت کیلئے اہل صحافت کے تاریخی کردارسے چشم پوشی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے وہ لوگ کبھی ناکام نہیں ہوتے جوہرواقعہ میں انفرادی اور اجتماعی اصلاح کاپہلوتلاش کرتے ہیں۔ تعمیر ریاست کیلئے نظریاتی سیاست اور مثبت صحافت کی ضرورت اوراہمیت بڑھ گئی ہے۔
انسانیت کی خدمت ، ریاست سے محبت کوشعار بنایاجائے: شوکت ورک
Aug 03, 2022