کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر صوبائی نائب صدر اور2018ء کے الیکشن میں نواز لیگ کے ٹکٹ پر این اے239 سے انتخاب لڑنے والے امیدوار رانا محمد احسان نے پارٹی کے مرکزی رہنما اور این اے 237 پر2018ء کے الیکشن میں انتخاب لڑنے والے امیدوار سردار زین انصاری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پربھرپور انداز حصہ لینے سمیت بلدیاتی الیکشن و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ دونوں حلقے مسلم لیگ(ن) کے قلعے ہیں۔2018ء کے الیکشن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیکر قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ رانا محمد احسان نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی جماعت ہے جو عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن پی ڈی ایم جماعتوں کی حمایت سے بھرپور حصہ لیکر کامیابی حاصل کرے گی۔ رانا احسان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی بہبود کے منصوبے شروع کرکے قوم کو ریلیف دیا‘ آئندہ بھی دے گی۔
ضمنی الیکشن میں بھر پور حصہ لینگے
Aug 03, 2022