مہاجروں کو دشمن نہیں اپنوں نے تباہ کیا، مصطفی کمال

Aug 03, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ مہاجر نام پر سیاست کرکے دس ہزار مہاجر نوجوان کو قتل کیاگیا۔ مہاجر قوم کو دشمنوں کی ضرورت نہیں ہے، انہیں انکے اپنوں نے ہی تباہ کیا ہے پھر بھی اپنوں کا نام لیکر ووٹ مانگتے ہیں۔اختیارات اپنے ہاتھوں سے دستخط کرکے پیپلز پارٹی کے حوالے کیئے،چار سال ایم کیو ایم کا مئیر رہا، اگر اختیارات نہیں تھے تو استعفی کیوں نہیں دیا۔ مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے، کردار سے انسان بہادر ہوتا یے اور بد کرداری کی وجہ انسان بزدل۔ آصف زرداری نائن زیرو آئے اور فاروق ستار کو ٹوپی پہنا کر چلے گئے، آج تک ٹوپی پہنی ہوئی ہے۔ ہم نے اس وقت سچ بولا جب سچ بولنے کی سب سے چھوٹی سزا موت تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں ڈسٹرکٹ ویسٹ سے پی ایس پی کے امیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی چودہ سال، تحریک انصاف نے ساڑھے تین سال کراچی  میں حکمرانی  کرنے کے باوجود ہمارے حالات بد سے بدتر ہوگئے۔ تمام سیاسی جماعتیں فیل ہوچکی ہیں کیونکہ نعرے مارنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ پی ایس پی ہر دن کے ساتھ مضبوط ہوتی جارہی ہے۔ اللہ نے کراچی میرے ہاتھوں سے بنوایا ہے۔ اہلیان کراچی و حیدرآباد کو سمجھنا ہوگا کہ اگر مسائل حل کرنے کا کسی کے پاس تجربہ، اہلیت اور کردار ہے تو وہ صرف ہمارے پاس ہے، ہم ہی کراچی کو ٹھیک کرسکتے ہیں۔
مصطفی کمال

مزیدخبریں