سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں:کمشنر نصیرآباد

Aug 03, 2022

کوئٹہ ( اے پی پی) کمشنر نصیرآباد فتح خان خجک نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے فوری اقدامات کرنا ناگزیر ہے اس مرتبہ تاریخ کا بدترین سیلاب سے نصیرآباد ڈویڑن متاثر ہوا ہے لوگوں کو مالی اور جانی نقصان پہنچا ہے ضلع کچھی کے سنی شوران سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں سیلاب سے عوام کو کافی نقصان پہنچا ہے روڈ نیٹ ورک بھی بری طرح متاثر ہوا ہے بحالی کے کام پر خصوصی توجہ دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کچھی کے علاقے شوران میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے جائزے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کچھی عمران ابراہیم بنگلزئی سردار زادہ میر بیبرک خان رند اسسٹنٹ کمشنر سنی عبدالجلیل قبائلی رہنماءسبزل علی رند سمیت دیگر افراد موجود تھے ۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کچھی عمران ابراہیم بنگلزئی نے کمشنر نصیرآباد کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور ریلیف کے کاموں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اس موقع پر کمشنر نصیرآباد فتح خان خجک نے سیلاب متاثرین میں راشن ٹینٹ بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب قدرتی آفت ہے جس سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا لیکن بہتر اقدامات کرکے لوگوں کی جان و مال کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے ۔

مزیدخبریں