گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ،سابق وفاقی وزیرغلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے سے الیکشن کمیشن میں جعلی صادق اور امین کا بھانڈا پھوٹ گیا ،عوام کو بے وقوف بنانے کے دن گزر گئے اب عمران خان کا جھوٹ اور مکرو فریب کا کھیل اپنے انجام کو پہنچ گیا اپنی رہائشگاہ پر سابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرا اور سٹی نائب صدر جمشید ایوب بٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسروں پر کیچڑ اچھالنے اور الزامات کی سیاست کرنے والا شخص خود سر سے پائوں تک غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہے اس کا ماضی اور حال اس بات کا گواہ ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں قوم کا رہنما کہلانے کا مستحق نہیں۔ انہوں نے کہاعمران خان بیرونی فنڈنگ اور غیر ملکی ایجنڈے کیساتھ ملکی سیاست پر مسلط ہوئے ۔جھوٹ ، دھوکہ اور ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر عمران خان فوری استعفیٰ دیں۔بیرونی ایجنڈے پر پاکستان میں کام کرنیوالی تحریک انصاف پر سیاست کیلئے تاحیات پابندی لگائی جائے۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان اور لیگی رہنما حاجی مدثر قیوم ناہرا نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں پاک فوج کے افسران کی شہادت افسوسناک سانحہ ہے۔شہید افسر و اہلکار فوج اور قوم کاقیمتی اثاثہ تھے جنہوںنے بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدد کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کردیں۔پوری پاکستانی قوم دکھ کی اس گھڑی میں پاک فوج کے غم میں برابر کی شریک ہے۔