لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نئے چیئرمین امجد زبیر ٹوانہ کو ان کی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے تاکہ وہ اپنے منصوبوں پر تاجر برادری کو اعتماد میں لے سکیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ ایف بی آر کے نئے چیئرمین کی دیگر عہدوں پر بہترین کارکردگی کی وجہ سے تاجر برادری نے ان سے بہت امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ نئے چیئرمین کو تاجروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہو گا جو تمام تر مشکلات کے باوجود حکومت کے لیے ریونیو کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے چیئرمین کو ٹیکس کے حوالے سے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کرنے ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے چیئرمین کے کندھوں پر بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ بجٹ 2023-24 میں ریونیو کا ہدف بڑھا دیا گیا ہے۔