فیروزوالہ( نامہ نگار) لاہور روڈ پربائی پاس کے قریب مردہ مرغیوں سے بھرا ہوا ٹرک عوام نے پکڑ لیا۔مرغیوں سے بھرا ہوا ٹرک بائی پاس روڈ پر جا رہا تھا ‘ اٹھنے والی بدبو کے باعث شہریوں نے تعاقب کر کے ٹرک کو روک کرمعائنہ شروع کر دیا ۔ ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا۔مردہ مرغیوں کا گوشت شرقپور چوک فیصل آباد روڈ کی دونوں اطراف پر موجود فاسٹ فوڈ شاپس سمیت شہر کے مختلف علاقوں کی فوڈ شاپس پر سپلائی ہونا تھا ۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انورکے مطابق مذکورہ مردہ مرغیاں تحویل میں لے لی گئی ہیں جن کا وزن 8 ہزار 615 کلوہے جو ٹرک پر لادی گئی تھیں۔ مردہ مرغیاں ٹرک میں چھپا کر گوشت تیار کرنے کیلئے سپلائی کی جا رہی تھیں۔ برآمد شدہ مردہ مرغیاں پھیپھڑوں،آنکھوں سمیت متعدد بیماریوں کا شکار پائی گئیں،قوائد و ضوابط کے مطابق مرغیوں کو سپلائی کرنے کے حوالے سے کوئی معلومات موجود نا پائی گئیں۔ گاڑی پر مردہ مرغیوں کی نقل و حمل کے حوالے سے کوئی برانڈنگ نہ کی گئی تھی،فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 8615 کلو مردہ مرغیاں تلف کر دیں ۔جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر آصف نامی ملزم کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔مردہ مرغیوں کا گوشت تیار کر کے سپلائی کیا جانا تھا۔پنجاب بھر میں خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین پر عملدرآمدانتہائی لازم ہے ۔عوام کی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ شہری اپنے اردگرد جعلسازی کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پردیں۔
فیروز والہ : شہریوں نے مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا
Aug 03, 2023