اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) جولائی میں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور سال کا دوسرا مہلک ترین مہینہ رہا جس میں دہشتگرد حملوں کے دوران 124 افراد مارے گئے، 218 زخمی ہوئے، سکیورٹی فورسز نے کئی حملے ناکام بنائے، محرم میں شدید خطرات کے باوجود فورسز نے پرامن جلوسوں کا انعقاد یقینی بنایا۔ تھنک ٹینک "پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز" (PICSS) کی رپورٹ کے مطابق جولائی2023 میں ملک میں کل 54 عسکریت پسند حملے ہوئے ان میں 124 افراد مارے گئے۔ مرنے والوں میں 77 عام شہری اور 36 سکیورٹی فورسز کے اہلکار شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور جھڑپوں میں 24 مشتبہ دہشت گرد ہلاک بھی ہوئے۔ فورسز نے ملک کے مختلف مقامات سے 46 مشتبہ جنگجو گرفتار بھی کیے۔ جون میں 47 جنگجو حملے ہو ئے تھے جو جولائی میں بڑھ کر 54 ہو گئے۔ جبکہ ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں ساڑھے تین گنا اضافہ ہوا۔ جون میں 34 افراد مارے گئے تھے جبکہ جولائی میں یہ تعداد 124 ہو گئی۔ زخمیوں کی تعداد میں پانج گنا اضافہ ہوا۔ جون میں 41 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ جولائی میں یہ تعداد بڑھ کر 218 ہو گئی۔
جولائی دہشتگردی