اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) توشہ خانہ میں سعودی ولی عہد کی تحفے میں دی گئی قیمتی گھڑی کی فروخت کے معاملے پر سابق مشیر احتساب مرزا شہزاد اکبر کا بیان سامنے آگیا۔ شہزاد اکبر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں عمر فاروق ظہور نامی شخص سے کبھی نہیں ملا، میں نے کبھی فون پر یا کسی اور ذریعے سے عمر فاروق ظہور سے بات نہیں کی جبکہ میں ذاتی طور پر فرح گوگی کو نہیں جانتا۔ میں نے کبھی فرح گوگی سے نہ ملاقات کی اور نا کبھی بات کی۔ یہ سب کہانی گھڑی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے عمر فاروق ظہور نے بیان دیا تھا کہ میں نے زلفی بخاری کے فون کرنے کا بتایا، سنا کہ اب یہ شخص کہہ رہا ہے میں نے فرح گوگی کے فون کرنے کا بتایا۔ یہ شخص ناروے میں پیدا ہوا مگر ناروے میں شہریت ختم کردی گئی، اس نے ناروے میں بوڑھی خاتون سے کئی ملین کی رقم لوٹی۔
شہزاد اکبر