سرگودھا (نمائندہ خصوصی) سرگودھا میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے تاجر کو قتل کرنے کی خونی واردات میں گرفتار ملزم پولیس مقابلہ میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا جو اپنا موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقتول کی نعش پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دی اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق خوشاب روڈ پر تھانہ فیکٹری ایریا سے چند فرلانگ پر واردات میں مزاحمت پر ڈاکوو¿ں نے فائرنگ کر کے سلیمان پورہ کے تاجر محمد مقصود کو قتل کر دیا اور فرار ہو گے جس پر تھانہ فیکٹری ایریا نے مقتول تاجر کے والد کی مدعیت میں، خونی واردات کے درج مقدمہ میں سی سی ٹی فوٹیج کی مدد سے قاتل ڈکیٹ ثمر زمان کو شناخت کر کے گرفتار کر لیا اور ابتدائی تفتیش میں آلہ قتل کی ریکوری کے لئے لیجایا جا رہا تھا کہ چک 79 شمالی کے قریب زیر حراست ثمر زمان کے موٹر سائیکل سوار تین ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کے لئے پولیس وین پر فائرنگ کر دی تو مبینہ پولیس مقابلہ میں زیر حراست ملزم ثمر زمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو کر دم توڑ گیا۔ ملزم ثمر زمان خونی ڈکیتی کی واردات کے علاوہ مختلف تھانوں کو 12 وارداتوں میں مطلوب تھا۔
ڈکیتی/ تاجر قتل