میانوالی : مقابلہ، اشتہاریوں کی فائرنگ سے پولیس کمانڈو، بیوہ جاں بحق ، 4 اہلکار زخمی

میانوالی (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ مکڑوال کی حدود میں پولیس مقابلہ میں ایک جوان جاں بحق، ایس ایچ او سمیت چار جوان زخمی ہوگئے۔ اشتہاریوں کی فائرنگ سے ایک بیوہ خاتون بھی شہید ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ مکڑوال کو مخبر نے اطلاع دی کہ مجرمان اشتہاری مقدمہ نمبر 131/22 بجرم 302/148/149 ت پ مسمیان محب اللہ ولد ریشم، عبدالرزاق ولد عطا محمد اور امتیاز ولد عطا محمد جو کہ دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں، وہ اس وقت تھانہ مکڑوال کی حدود میں واقع گلا خیل کی پہاڑیوں میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ موجود ہیں۔ اس اطلاع پر سب انسپکٹر لیاقت رسول معہ نفری تھانہ اور ایلیٹ ٹیم جائے نے متذکرہ پر ریڈ کیا۔ ملزموں نے پولیس پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس پارٹی نے بھی جوابی کارروائی کر دی۔ مجرمان اشتہاری کی فائرنگ سے ایس ای جی راولپنڈی ایلیٹ پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل محمد علی شہید ہو گیا جبکہ ایس ایچ او مکڑوال سب انسپکٹر لیاقت رسول، کانسٹیبل سعید ایس ای جی راولپنڈی، کانسٹیبل عامر مجید اور کانسٹیبل اعجاز الحق زخمی ہو گئے۔ وقوعہ کی تلاشی لینے پر معلوم ہوا کہ ایک خاتون مسماة ایران بی بی ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئیں۔ کرائم سین یونٹ اور پی ایف ایس اے کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔ ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان وقوعہ کی اطلاع پا کر فی الفور بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ ملزموں کی گرفتاری کیلئے تلاش شروع کر دی۔
پولیس مقابلہ

ای پیپر دی نیشن