لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ جس میں حکومت پاکستان سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے لاہور، اسلام آباد، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لودھراں، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، جام پور قصور، سرگودھا، گجرات، جھنگ، سیالکوٹ، راولپندی، چینوٹ، رحیم یار خان، پشاور، حیدآباد اور کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ کیے گئے جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن حکومت مخالف اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ ملک بھر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے حکومتی فیصلے کی پرزور مزمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حالیہ فیصلہ واپس لے۔ مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ حکومت آہستہ آہستہ عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے ساتھ یہ ظلم نہیں ہونے دے گی۔ جو کل تک مہنگائی کے نام پر سیاست کر رہے تھے آج اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ غریب عوام پر قیامت ڈھائی جا رہی ہے اور حکمران عیاشیوں میں مصروف موجودہ حکومت کے دور میں بجلی، گیس، آٹا اور چینی سمیت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اندھادھند اضافے نے غریب عوام کو جیتے جی مار دیا ہے۔ مرکزی مسلم لیگ پاکستان اور اس کے عوام کی ترجمان جماعت ہے ہم عالمی اداروں کی غلامی کو قبول نہیں کرتے اور نہ کرنے دیں گے۔ لاہور پریس کلب کے باہر ملی رکشہ یونین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔