نئی دہلی(کے پی آئی ) بھارتی سپریم کورٹ میںآرٹیکل 370 کی منسوخی کے خلاف مقدمے کی سماعت بدھ کے روز شروع ہوگئی ہے۔سپریم کورٹ دفعہ 370 کے مقدمے کو پیر اور جمعہ کو چھوڑ کر روزانہ کی بنیادوں پر سنے گی۔ بدھ کے روز بھارتی چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ میں مقدمے کی سماعت شروع ہونے پر مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمرعبداللہ اور کئی دوسرے کشمیری رہنما بھارتی سپریم کورٹ میں موجود رہے۔بھارتی وکیل کپل سبھال نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے قانونی پہلووں پر دلائل شروع کر دیے ہیں۔کپل سبھال نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ : کیا پارلیمنٹ آئین ساز اسمبلی کی رضامندی کے بغیر آرٹیکل 370 کو منسوخ کر سکتی تھی؟یاد رہے 5 اگست 2019 کو بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دلانے والے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کردیا تھا، جس کے تحت بھارت کے دیگر شہروں کے لوگوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جائیدادیں حاصل کرنے اور مستقبل رہائش کی اجازت حاصل ہوگئی ہے۔جموں کشمیر کے تین بھارتی ممبران پارلیمنٹ جسٹس (ر) حسنین مسعودی، فاروق عبداللہ اور محمد اکبر لون نے سپریم کورٹ میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
بھارتی سپریم کورٹ
بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے خلاف مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر شروع
Aug 03, 2023