خرابیوں کے ذمہ دار صرف ڈاکٹر نہیں ، حکومت بھی ہے: محسن نقوی 

لاہور (نیوز رپورٹر) محسن نقوی نے گزشتہ روز سروسز ہسپتال کے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے آڈیٹوریم میں سینئر ڈاکٹرز سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے ہسپتال میں مریضوں کے لئے علاج معالجہ اور دیگر سہولتیں بہتر بنانے کے لئے سینئر ڈاکٹرز سے اپنے خطاب میں کہا کہ صرف لیڈر، سیاست دان اور بیورکریسی خرابیوں کی ذمہ دار نہیں ہے۔ مایوسی گناہ ہے، اللہ تعالی نے مایوسی کو سخت ناپسند فرمایا ہے۔ بحیثیت پاکستانی حالات میں بہتری کیلئے اپنا پورا حصہ ڈالنا ہمارا فرض ہے۔ سروسز ہسپتال کی حالت دیکھ کر مجبوراً کہنا پڑا کہ کسی دشمن کو بھی اس ہسپتال نہ بھیجوں۔ پورے پنجاب میں ہسپتالوں کے دورے کئے، سروسز سے ابتر حالت کسی ہسپتال کی نہیں دیکھی۔ خرابیوں اور خامیوں کے ذمہ دار محض ڈاکٹرز نہیں بلکہ حکومت بھی ہے۔ ہاتھ دھونے کیلئے صابن، فرش دھونے والا ملازم اور اے سی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے ہسپتال میں ایک ہی بیڈ پر پانچ بچوں کا علاج ہوتے دیکھا ہے۔ اگر ایک بیڈ پر پانچ، پانچ مریضوں کا علاج ہو رہا ہے، یہ ڈاکٹر کا قصور نہیں ہے۔ ہم کو ڈاکٹر کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کہ ایک کی گنجائش پر 5 مریضوں کا علاج کر رہا ہے۔ جو بھی حکمران آتے ہیں، نئے ہسپتال بنانے لگ جاتے ہیں، پرانے ہسپتالوں پرکوئی توجہ نہیں دیتا۔ ہم چند ماہ میں پانچ، دس ارب لگائیں گے، سروسز ہسپتال کے لئے کوئی لمٹ نہیں۔ سروسز ہسپتال کو مختصر عرصے میں برینڈ نیو ہسپتال بنایا جائے گا لیکن اونرشپ نہ لی گئی تو پھر یہی حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتال بہترین پرائیویٹ ہسپتالوں کی طرح کیوں نہیں بن سکتے؟۔ سینئر ڈاکٹرز اگر ہسپتال میں ڈیوٹی کے اوقات پورا نہیں کریں گے تو نچلا سٹاف بھی پوری ڈیوٹی نہیں کرے گا۔ ڈیوٹی پوری کرنے کا عہد کر لیں تو مختصر وقت میں مثبت نتائج آپ کے سامنے ہوں گے۔ سرکاری ڈیوٹی پوری کرنے کے بعد ڈاکٹر اپنا کام کریں۔ پنجاب میں کپاس کی پیداوار کا ہدف مثال ہے۔ تمام ٹیسٹ، ادویات ہسپتال میں مہیا ہونے چاہئیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے چند ماہ میں چلے جانا ہے لیکن جاتے جاتے آپ کا ہسپتال ٹھیک کرکے جائیں گے۔ ہسپتال سٹاف جہاں بھی کام کررہا ہے، واپس آئے گا، یہاں کام کرے گا ورنہ تنخواہ نہیں ملے گی۔ فالج کے دورے کے لئے ضروری انجکشن فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں گے۔ محسن نقوی نے ڈاکٹروں کی تجاویز اور سفارشات پر فوری احکامات جاری کئے۔ محسن نقوی کی ہدایت پر میوہسپتال کی او پی ڈی، ایمرجنسی اور چائلڈ بلاکس کو ری ڈیزائن کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس ضمن میں پلان طلب کرلیا۔ قبل ازیں محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں رواں ماہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے محکمہ آبپاشی اور تمام کمشنرز کو جاری فنڈز بروقت استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ دریاو¿ں کے پشتے اور بند پہلے سے مضبوط بنائے جائیں۔ موسم کی صورتحال اور دریا¶ں میں پانی کے بہا¶ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے۔سمن آباد انڈر پاس کو کنٹریکٹ پیریڈ سے دو ماہ پہلے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمن آباد انڈر پاس سے روزانہ تقریباً 2 لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں بے پناہ سہولت ملے گی اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے بچت ہو گی۔ سمن آباد انڈر پاس کی تعمیر کے دوران ملتان روڈ کو ایک دن بھی ٹریفک کیلئے بند نہیں کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا میرا کسی سے کوئی تعلق نہیں، ہم الیکشن کمیشن کے ماتحت ہیں اور انہی کے مینڈیٹ سے کام کر رہے ہیں، جو الیکشن کمیشن کہے گا وہ کریں گے۔ محسن نقوی نے جنرل ہسپتال میں زیر علاج اسلام آباد میں جج کی اہلیہ کے تشدد کا نشانہ بننے والی بچی رضوانہ کی عیادت کی۔ رضوانہ کی والدہ سے ملاقات کی۔ اور وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زیر علاج رضوانہ کی خیریت پوچھی۔ بچی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز سے بچی کی صحت یابی کے بارے میں تفصیلات دریافت کیں۔ 

ای پیپر دی نیشن