ڈسپلن کی خلاف ورزی‘پی سی بی کا کرکٹرز کے گردگھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ 

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے امریکہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے دوران ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے کرکٹرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹرز کی جانب سے چیئرمین محسن نقوی کیخلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے لیکن پی سی بی نے دبائو کے بغیر کرکٹرز کیخلاف پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ سابق کپتان پر مشتمل کمیٹی سینئر منیجر وہاب ریاض، منیجر منصور رانا اور غیر ملکی ہیڈ کوچ گیر ی کرسٹن کارروائی کرینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس اس عمل کا حصہ ہوں گے اورقومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوالے سے تین رپورٹس کا جائزہ لیا جائیگا۔ ایک رپورٹ آزادانہ انٹیلی جنس سے تیار کروائی گئی ہے ، پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی ان رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لے گی، کمیٹی کے سربراہ ایک سابق کپتان کو مقرر کیا جارہا ہے جو براہ راست کارروائی کی نگرانی کریں گے۔کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کھلاڑیوں کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے جبکہ حتمی سفارشات پر عملدرآمد میں وقار یونس اور محسن نقوی شامل ہوں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن