بلاول بھٹو پاکستانی مسائل ، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر کے حل کیلئے کوشاں ہیں:احمد محمود 

لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا جس شاندار انداز میں بلاول بھٹو زرداری عالمی رہنماؤں کے ساتھ مل کر پاکستان کے مسائل اور مسئلہ کشمیر کو بیرونی دنیا میں اجاگر کر کے اس کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔وہ ناقابل مثال ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھٹو خاندان کی میراث کو فروغ دیتے ہوئے عالمی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مخدوم ہاؤس لاہور میں جنوبی پنجاب سے آئے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارٹی جنوبی پنجاب کے چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادرشاہین بھی موجود تھے۔ مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور غربت کے خاتمہ پر یقین رکھتی ہے۔ سی پیک جیسا منصوبہ آصف علی ذرداری کی دوراندیشانہ پالیسیوں کا مظہر ہے۔ پاکستان سٹیل،ایٹمی پروگرام، میزائیل ٹیکنالوجی کے بعد سی پیک جیسے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں تعلیم، صحت، روزگار کے بنیادی مسائل کے حل میں پیش رفت ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن