لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ڈینگی لاروا برآمد ہونیوالے سرکاری دفاتر کیخلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا ہے۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا چھٹا اجلاس ہوا۔ صوبائی وزرائے صحت نے اجلاس کے دوران لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کے اضلاع میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔سپیشل برانچ، پی آئی ٹی بی و دیگر محکمہ جات کے افسران نے بھی بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاحالیہ بارشوں کے بعد ہمیں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے الرٹ رہنا ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کریں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاحالیہ مون سون بارشوں کے باعث ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈینگی سرویلنس سرگرمیاں بڑھائی جائیں۔ انسداد ڈینگی کیلئے شالیمار ٹاؤن لاہور میں گلی، محلہ کی سطح پر وولنٹیرز کی خدمات کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ جن گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہو ان گھروں کے باہر وارننگ کے سرخ سٹیکرز چسپاں کئے جا رہے ہیں۔
وزرائے صحت کی زیرصدارت اجلاس، سرکاری دفاتر میں ڈینگی لاروا پر مقدمے کا حکم
Aug 03, 2024