تل ابیب (این این آئی+نوائے وقت رپورٹ)ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری نے کہا ہے کہ اسرائیل سے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لینے کا طریقہ زیر غور ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینے کے طریقے کا جائزہ لے رہا ہے۔ایرانی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔میجر جنرل محمد حسین باقری نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خلاف کئی اقدامات کیے جانے چاہئیں، اسرائیل کو ہر حال میں پچھتانا پڑے گا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا 12 اگست کو اسرائیل پر حملہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ ایران کو حملے میں حزب اللہ کی معاونت حاصل ہو گی۔ ایران نے خاص دن پر اسرائیل کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بارہ اگست کو یہودیوں کا مذہبی طور پر یوم سوگ ہے۔