ٹانک میں دہشتگردوں کا ججز کے قافلے پر حملہ، 2 محافظ پولیس اہلکار شہید

ڈی آئی خان+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی) ٹانک میں ججز کے قافلے پر حملے میں سکواڈ میں شامل محافظ 2 پولیس اہل کار شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے سنگم پر ایڈیشنل جج ٹانک حسنین، ایڈیشنل سیشن جج ساؤتھ اور سینئر سول جج مہ جبین کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ دہشت گردوں کی اس کارروائی میں اپر وزیرستان پولیس کے 2 جوان عبداللہ اور کانسٹیبل صمد خان شہید ہوئے۔ بھگوال کے قریب ہونے والے واقعہ میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں تینوں ججز محفوظ رہے۔ واقعہ کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے اور دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ٹانک میں ججوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے شہید اہلکاروں کے ورثاء سے اظہار تعزیت اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں کے لئے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔ محسن نقوی نے مذمت کرتے کہا کہ اہلکاروں نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، سلام پیش کرتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی مذمت کی۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی زیر صدارت ججز کی سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا۔ جسٹس اعجاز انور، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور  جسٹس ارشد علی نے شرکت کی۔ پشاور ہائیکورٹ نے آئی جی خیبر پی کے اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو پرسوں طلب کرلیا۔

ای پیپر دی نیشن