اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ بارشوں میں ملک کے مختلف حصوں میں جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بارشوں سے متاثرہ لوگوں کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے بارشوں کے باعث حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حادثات سے بچائو اور نکاسی آب کیلئے انتظامیہ کو بروقت اقدامات لینا ہوں گے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی چیئرمین نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ خیبر پی کے میں ہوا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پی کے میں بارش متاثرین بے یارومدد گار ہیں اور حکومت کہیں نظر نہیں آرہی۔ دریں اثناء صدر آصف علی زرداری سے قائم مقام چیئرمین سینٹ سیدال خان نے ملاقات کی۔ صدر اور قائم مقام چیئرمین سینٹ کی ملاقات میں مجموعی ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سینٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔