عوامی مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات جاری، لاہور میں نکاسی آب، مریم نواز کی انتظامیہ کو شاباش

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی  مریم نوازشریف کے عوامی مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔  وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پارٹی سرگرمیوں، حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے وزیراعلی مریم نواز کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پر عمل درآمد ہورہا ہے، سکیموں کے لئے پیسہ بجٹ میں دیا جاچکا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف ذاتی طورپر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کررہی ہیں۔ پراجیکٹس کے معیار، رفتار اور منصوبوں کی بروقت تکمیل پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے ترقیاتی منصوبوں، عوام کے ریلیف اور مہنگائی میں کمی کے لئے اقدامات پروزیراعلی مریم نوازشریف کو سراہا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے صوبے کی بہتری کے اقدامات میں ار کان اسمبلی اور پارٹی راہنماؤں کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ لاہور میں ریکارڈ بارش  کے بعد اور انتظامیہ کی ریکارڈ بہترین کارکردگی پر وزیر اعلیٰ  مریم نواز نے  چند گھنٹوں میں نکاسی آب کا عمل مکمل کرنے پر شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، واسا حکام اور اہل کاروں کو سراہا۔ مریم نواز نے کہاکہ چند گھنٹے میں شہر سے بارشی پانی کی نکا سی شاندار کارکردگی ہے۔ واسا اور دیگر اداروں نے عوام کی سہولت کے لئے جانفشانی سے کام کیا۔  امید ہے ہمارے ادارے بہترین کارکردگی سے عوام کیلئے ہمیشہ آسانیاں پیدا کریں گے۔ وزیر اعلیٰ  نے شدید بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے، چھتیں گرنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن