لاہور+ قصور+ عارفوالا (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) سبزہ زار کے علاقے میں آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے رائیڈ بک کرنے والی خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ سبزہ زار کے علاقے میں کراچی پلی کے قریب پیش آیا۔آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے خاتون کو رائیڈ پوری ہونے پر گھر اتارا۔ ڈرائیور خاتون کے گاڑی سے اترتے ہی مبینہ طور پر پانی پینے کے بہانے سے گھر کے اندر داخل ہوا۔ ملزم نے خاتون (ع/ ف) کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق مذکورہ خاتون چونگی امرسدھو سے اپنی سہیلی سے ملنے اس کے گھر سبزہ زار پہنچی۔ جہاں ملزم نے پانی پینے کے بہانے گھر میں داخل ہو کر زبردستی اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ گاڑی کے نمبر کی نشاندہی خاتون نے کی۔ موبائل فون، گاڑی کے نمبر اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ عارف والا میں ڈاکوؤں نے مقامی زمیندار کے ملازمین کے گھر گھس کر دوران ڈکیتی ایک خاتون کو اہلخانہ کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ فیصل آباد اور گوجرہ میں 4 خواتین کو ہوس کا نشانہ بنایا گیا۔ نامہ نگار کے مطابق مقامی زمیندار کے ڈیرے پر مقیم ملازمین کے گھر دو ڈاکو گھس آئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اور چار بچوں کی ماں (ن) کو گھر والوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ ڈاکو جاتے ہوئے دو بوری کھاد اور پچاس ہزار روپے لے کر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ تھانہ صدر میں واقعہ کی درخوست گزار دی گئی۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں متاثرہ خاتون کو میڈیکل کیلئے ہسپتال لے جایا گیا۔ رسول پور منصور کے علاقے میں اوباش ملزم نے (ب) فارم بنوانے کا جھانسہ دیکر شادی شدہ خاتون کو بے آبرو کردیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ قبر والا کھوہ قصور کی رہائشی شادی شدہ خاتون (ث) نے تھانہ میں درخواست دی ہے کہ ملزم ندیم مسیح (ب) فارم بنوانے کا جھانسہ دیکر نادر ا کے آفس لے گیا اور واپسی پر ورغلا پھسلا کر مجھے اپنے گھر لے جا کر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا ہے۔ پولیس تھانہ بی ڈویژن نامزد ملزم کے خلاف کا مقدمہ درج کرکے مصروف تفتیش ہے۔