کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان میں تجارتی خسارہ 5 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں تجارتی خسارہ 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔ جولائی میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 19 فیصد کم ہو کر 1.94 ارب ڈالر رہ گیا ہے تاہم سالانہ بنیادوں پر 19.7فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2024 میں پاکستان کے تجارتی خسارے کا حجم 1.948 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 19.7 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں تجارتی خسارے کا حجم 1.627 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔ جون کے مقابلہ میں جولائی میں تجارتی خسارے میں ماہانہ بنیادوں پر 19فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ جون میں تجارتی خسارے کا حجم 2.406 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا جو جولائی میں کم ہو کر 1.948 ارب ڈالر ہو گیا۔
تجارتی خسارہ 5 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا: سٹیٹ بنک
Aug 03, 2024