اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنے کے لیے وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ایک قومی ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا ہے جو کہ تمام شعبوں میں پیداواری صلاحیت، معیار اور جدت کو بڑھانے کے لیے کام کرے گی۔ یہ ٹاسک فورس، جس نے ابتدائی طور پر پچھلے دور میں اپنے تصوراتی مرحلے کے دوران عالمی اور ملکی سٹیک ہولڈرز کی جانب سے وسیع حمایت حاصل کی تھی، کو 2018ء میں سیاسی رکاوٹوں کی وجہ سے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر احسن اقبال نے مقامی چیلنجوں سے نمٹنے اور قومی ترقی کو آگے بڑھانے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آہنی دوست ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کا گہرا تعلق ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہدری (سی پیک) نے ترقیاتی شعبے میں ہماری دوستی اور تعاون کو ایک نئی بلندی تک پہنچایا ہے۔ چائنا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ’’نئے دور میں چین کی گہری اصلاحات سے پیدا ہونے والے عالمی مواقع‘‘ کے موضوع پر پلاننگ کمیشن میں منعقدہ گلوبل ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اب پاکستان اور چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جو سی پیک کا اپ گریڈڈ ورژن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس میں 5 نئے کوریڈورز کا آغاز کیا جائے گا جن میں ترقی کا کوریڈور، ذریعہ معاش کا کوریڈور، جدت کا کوریڈور، گرین اکانومی کا کوریڈور اور وسعت وشمولیت پر مبنی علاقائی تعاون کا کوریڈور شامل ہیں۔