قلعہ دیدار سنگھ(چوہدری حسیب پندھیر)رورل ہیلتھ سنٹر قلعہ دیدار سنگھ گندگی کی آماجگاہ بن گیا،سیوریج کے پانی اور گندگی سے اٹھنے والی بدبو سے مریض پریشان،مریض ہسپتال سے صحتیاب ہونے کی بجائے بیماریاں لیکر لوٹنے لگے،حکام نوٹس لیں۔تفصیلات کے مطابق جونیجو دور میں بننے والے لاکھوں کی آبادی کیلئے اکلوتے رورل ہیلتھ سنٹر قلعہ دیدار سنگھ گندگی کی آماجگاہ بن گیا۔ہسپتال میں جہاں پھل اور پھولدار پودے ہونے چاہیں وہاں ہر طرف گندگی کے ڈھیر اور نکاسی آب نہ ہونے سے سیوریج کا پانی احاطہ ہسپتال میں ہر وقت جمع رہتا ہے اور جب سے مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے ہسپتال میں ہر طرف سیوریج کا پانی پھیل گیا ہے گندگی سے اٹھنے والے تعفن سے ہسپتال میں آنے والے سینکڑوں مریض صحتیاب ہونے کی بجائے بیماریاں لیکر گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز،سیکرٹری ہیلتھ پنجاب،کمشنر وڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے اپیل کی ہے کہ رورل ہیلتھ سنٹر سے گندگی کے ڈھیر ختم کروا کر خوبصورت پودے لگوائے جائیں اور سیوریج کا معقول انتظام کروایا جائے۔