وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نےگیس کی لوڈشیڈنگ کی تجویز مسترد کر دی

Dec 03, 2008

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک + نیٹ نیوز) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موسم سرما کیلئے گیس کی لوڈ کے منصوبے کی منظوری دیدی ہے جبکہ ساڑھے 7 لاکھ ٹن اضافی گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز مشیر خزانہ شوکت ترین کی صدارت میں ہوا جس میں کپاس کے بیج بنولہ کی قیمت 1465 روپے من مقرر کرنے کی منظوری کے علاوہ گوادر بندرگاہ سے سیمنٹ برآمد کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موسم سرما کے دوران سی این جی سٹیشن کو بند رکھنے یا ان کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ کی تجویز مسترد کر دی اور ہدایت کی کہ واپڈا کو روزانہ بجلی کی پیداوار کیلئے 150 ملین میٹر مکعب فٹ اور برآمدی صنعت کو 170 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے جبکہ گھریلو صا رفین کو گیس کی فراہمی متاثر ہونے نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں چھوٹے بنکوں کیلئے کریڈٹ گارنٹی سکیم کی منظوری اور آٹوموبائل سیکٹر کیلئے ایل سی پر 35 فیصد مارجن کی چھوٹ دی گئی اس کے علاوہ کراچی میں بجلی کی کمی پر قابو پانے کے لئے کے ای ایس سی کو کرائے کا پاور پلانٹ منگوانے کی اجازت بھی دیدی گئی۔ اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حکومت کی طرف سے کمی کئے جانے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں نے 2 ارب 34 کروڑ 52 لاکھ ڈالر بھجوائے جو 12.7 فیصد زیادہ ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری ایک ارب سے زائد سرمایہ کاری ہوئی جو پچھلے سال اسی مدت کے دوران 0.2 فیصد زیادہ ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی
مزیدخبریں